شوبز کی خبریں

‘مجھ سے غلطی ہو گئی مجھے معاف کر دیں‘، عامر لیاقت نے سرِعام معافی مانگ لی۔۔۔ ویڈیو میں دیکھیں

پی ٹی آئی کے رہنما اور ٹی وی شو میزبان عامر لیاقت حسین نے اداکار عدنان صدیقی کے ساتھ کیے گئے نامناسب مذاق پر معذرت کر لی۔

عامر لیاقت حسین نے دو روز قبل اپنے ٹی وی شو میں اداکار عدنان صدیقی کو مدعو کیا اور اس دوران انھوں نے عدنان صدیقی سے نامناسب مذاق کیا۔

میزبان عامر لیاقت نے عدنان صدیقی سے کہا کہ ‘آپ جس اداکار کے ساتھ کام کرتے ہیں وہ دنیا سے چلا جاتا ہے، آپ نے سری دیوی کے ساتھ کام کیا وہ بھی چلی گئیں اور آپ نے عرفان خان کے ساتھ کام کیا تھا تو وہ بھی انتقال کرگئے’۔

عامر لیاقت کے اس مذاق پر عدنان صدیقی نے بھی خفگی کا اظہار کیا اور بعد میں ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد سب سے اپنی جانب سے معافی بھی مانگی۔

مزید پڑھیں: عامر لیاقت کے نامناسب مذاق پر عدنان صدیقی نے معافی مانگ لی

میزبان کے نامناسب مذاق پر نہ صرف عدنان صدیقی نے برہمی کا اظہار کیا بلکہ متعدد ناظرین نے بھی سوشل میڈیا پر خوب غصہ اتارا۔

تاہم اب عامر لیاقت نے اپنے مذکورہ مذاق پر ایک ویڈیو پیغام میں معذرت کر لی ہے۔

عامر لیاقت نے کہا کہ ’کل شو کے دوران کچھ ایسی باتیں ہوئیں جو منہ سے نکل گئی اور لائیو شو میں ایسا اکثر ہو جاتا ہے، اس میں ایسی کوئی بڑی بات نہیں تھی کہ میں فوری طور پر غور کرتا لیکن بعد میں جب غور کیا تو مجھے بھی لگا یہ بات نہیں ہونا چاہیے تھی، غلط بات ہے‘۔

انھوں نے کہا کہ ’میں معذرت کرتا ہوں اور انسانیت کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں یہ باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں، مجھ سے غلطی ہو گئی مجھے معاف کر دیں‘۔

عامر لیاقت نے کہا کہ پڑوسی ملک کے فنکار ہمارے لیے قابل احترام ہیں، ہم نے ان کی عزت کی جن کے بارے میں آگے والی کلپ میں پیار کا اظہار کیا گیا لیکن ظاہر سی بات ہے وہ کلپ نہیں دکھایا گیا، ہمیشہ وہی زخم دکھایا جاتا ہے جس پر مکھی بیٹھتی ہے‘۔

انھوں نے کہا کہ ’میں بہت معذرت چاہتا ہوں اور ایک بات یاد رکھیے گا معافی مانگنے والا بڑا ہوتا ہے، اگر کوئی اپنی بات کا احساس کر لے تو دوسرے کو بھی چاہیے کہ اسے تھوڑی گنجائش دے تو اس لیے میں بہت معذرت چاہتا ہوں‘۔

عامر لیاقت سے مزید کہا کہ یہ میرا وطن ہے میرے لوگ ہیں اگر میرے وطن کے لوگوں کو کوئی تکلیف پہنچی ہے تو میں ایک بار پھر معذرت چاہتا ہوں، مجھے معاف کردیں، میں کل شو میں بھی اس حوالے سے بات کروں گا۔

Related Articles

Back to top button