پاکستانی اداکاروں کی کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹس آگئیں، مداحوں کو مخاطب کرکے جذباتی پیغام جاری

معروف پاکستانی اداکاروں ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی، دونوں نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے دعاؤں کے لیے اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

بیرون ملک سے واپس آنے والے معروف پاکستانی اداکاروں عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا کہ ان دونوں کے ٹیسٹ کی رپورٹ آج رات موصول ہوگئی ہے۔ عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کے کوویڈ 19 کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی ہے، خدا کا شکر ہے۔ 

اپنے ٹویٹ میں عدنان صدیقی نے لکھا کہ ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے کے باجود ہم مزید 10 روز آئسولیشن میں رہیں گے اور اس کے بعد اپنے گھر جائیں گے۔ انہوں نے مداحوں سے اپنے لیے کی جانے والی دعاؤں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ہمایوں سعید نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سے کلیئر ہوجانے کے باوجود ہم احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں گے۔ 

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے خود کو قرنطینہ کرلیا

خیال رہے کہ دونوں اداکار چند روز قبل امریکا سے واپس آئے تھے جس کے بعد گھر جانے کے بجائے دونوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا تھا۔

ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے کرونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر نہ ہونے کے باوجود احتیاطاً ٹیسٹ بھی کروا لیا تھا جس کی رپورٹ آج منفی آگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں