شوبز کی خبریں

اقبال بانو کی 81 ویں سالگرہ پر گوگل کا کلاسیکل گلوکارہ کو خراجِ عقیدت

پاکستانی معروف گلوکارہ اقبال بانو کی 81 ویں سالگرہ پر گوگل ڈوڈل ان کے نام ہوگیا۔

معروف غزل گائیک و گلوکارہ اقبال بانو کی 81 ویں سالگرہ پر گوگل نے اپنا ڈوڈل ان کے نام کردیا۔

بھارت کے شہر نئی دلی میں سنہ 1935ء میں پیدا ہونے والی اقبال بانو کو بچپن سے ہی موسیقی سے لگاؤ تھا جسے پروان چڑھانے میں ان کے والد نے اہم کردار ادا کیا ۔

انہوں نے موسیقی کی تربیت استاد چاند خان سے حاصل کی اور سنہ 1950ء میں اپنی فنی زندگی کا آغاز آل انڈیا ریڈیو سے کیا۔ سنہ 1952ء میں شادی کے بعد اپنے شوہر کے ہمراہ پاکستان آگئیں اور ملتان میں رہائش پذیر ہوئیں تاہم شوہر کی وفات کے بعد ملتان سے لاہور منتقل ہوگئیں۔  

اقبال بانو کوغزل گائیکی کے ساتھ ساتھ کلاسیکل، نیم کلاسیکل، ٹھمری اور دادھرہ میں بھی خاص مقام حاصل تھا۔ وہ اردو، پنجابی، فارسی زبانوں پر مکمل عبور رکھتی تھیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مختلف زبانوں میں غزل گائیکی میں اپنی خصوصی مہارت سے نمایاں مقام حاصل کیا۔

اقبال بانو نے معروف شاعر فیض احمد فیض کی نظم ’ہم دیکھیں گے‘ اپنے خوبصورت انداز میں گا کر اسے شہرت دوام بخش دی۔ برصغیر سمیت دنیا بھر میں جہاں بھی اردو سمجھی جاتی ہے وہاں یہ نظم جبر کے خلاف مزاحمت کا استعارہ ثابت ہوتی رہی ہے۔

انہوں نے فلم گمنام، قاتل، انتقام، سرفروش، عشق لیلیٰ اور ناگن جیسی سپر ہٹ فلموں میں گیت گائے۔ فلم قاتل میں ان کی آواز میں گایا ہوا گیت پائل میں گیت ہیں چھم چھم کے، نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا، انہیں سنہ 1990ء میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

اقبال بانو 21 اپریل 2009ء کو 74 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کر گئی تھیں۔

 

Related Articles

Back to top button