شوبز کی خبریں

جنید جمشید کو مداحوں سے بچھڑے کتنے برس بیت گئے؟

معروف مذہبی اسکالر اور نعت خواں جنید جمشید کو مداحوں سے بچھڑے تین برس بیت گئے۔

جنید جمشید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے فارغ التحصیل تھے، انہوں نے پاپ موسیقی گروپ وائٹل سائنز کے نمائندہ گلوکار کی حیثیت سے کریئر کا آغاز کیا اور شہرت حاصل کی۔

1987 میں دل دل پاکستان کی ریلیز نے انہیں شہرت کی لازوال بلندیوں پر پہنچا دیا، 14 اگست کے موقع پر ریلیز کئے گئے گانے نے ملی نغموں کو نئی شناخت بخش دی۔

ان کے میوزک البم جنید آف وائٹل سائنز، اس راہ پر اور دل کی بات بے پناہ مقبول ہوئے۔

معروف مبلغ و اسکالر مولانا طارق جمیل کے ساتھ ملاقات کے بعد جنید جمشید کا رحجان مذہب کی طرف ہوا تو انہوں نے موسیقی کو خیرباد کہہ دیا۔

نئی پہچان میں انہیں معروف تاجر، نعت خواں، اسکالر اور ٹی وی میزبان کے روپ میں دیکھا گیا۔

ان کے کپڑوں کے برانڈ جے ڈاٹ کی شاخیں پورے ملک میں موجود ہیں۔

جنید جمشید سات دسمبر 2016ء کو چترال سےاسلام آباد پی آئی اے فلائیٹ 661 کے حادثے میں وفات پا گئے۔

واضح رہے کہ پی آئی کی چترال سے اسلام آباد جانے والی پرواز حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگئی تھی جس میں عملے کے پانچ ارکان سمیت تمام 47 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Related Articles

Back to top button