شوبز کی خبریں

نامور اداکار حمزہ علی عباسی کے مداحوں کے لیے بْری خبر

پاکستان کے نامور اداکار حمزہ علی عباسی نے رواں سال 12 اکتوبر کو سوشل میڈیا پر ایک بیان کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ جلد ہی ایک اہم اعلان کرنے والے ہیں اور اب اداکار نے آخر کار اپنی ویڈیو جاری کردی ہے۔

حمزہ علی عباسی نے اپنی ویڈیو میں اعلان کیا کہ انہوں نے طویل عرصے کے لیے اداکاری سے کنارہ کشی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اپنی ویڈیو کا آغاز کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے تاخیر سے اعلان کے لیے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کی سب سے اہم ویڈیو ہے۔

حمزہ علی عباسی نے سب سے پہلے اپنی ویڈیو میں اللہ تعلیٰ کا شکر ادا کیا اور بعدازاں مداحوں کے پیار کو بھی سراہا اور بے انتہا عزت دینے کے لیے شکریہ ادا کیا۔

ویڈیو میں اپنی ماضی کی کہانی شیئر کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ وہ 14 سال کی عمر میں لا دین ہوچکے تھے تاہم اب وہ اپنی پوری زندگی صرف دین کی باتیں کرتے ہوئے گزارنا چاہتے ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ‘میں اپنی زندگی خدا اور اس زندگی کے بعد کی زندگی پر بات کرتے ہوئے گزارنا چاہتا ہوں’۔

انہوں نے اپنی ویڈیو میں اداکاری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‘اداکاری سے لمبے عرصے کے لیے کنارہ کشی اختیار اس لیے نہیں کررہا کے اسلام آپ کو اداکاری کرنے سے روکتا ہے، اسلام میں اداکاری، تصویر بنانا، یہ سب حرام نہیں ہے، اسلام میں اگر کچھ حرام ہے تو وہ صرف بدکاری ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں طویل عرصے کے لیے میڈیا کی حد تک اداکاری چھوڑ رہا ہوں کیوں کہ اداکاری میں آپ کو ایسا بہت کچھ کرنا پڑ سکتا ہے جو میں نہیں کرنا چاہتا، دوسری بات یہ کہ میں یہ سب شہرت کے لیے نہیں کررہا، میں سنجیدہ موضوعات پر بات کروں گا، میں فلمیں اور ڈرامے ضرور بناؤں گا، لیکن وہ جن میں کوئی غیر اخلاقی چیزیں نہیں ہوں گی’۔

حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ وہ یوٹیوب پر بھی ویڈیوز ریلیز کریں گے جبکہ انٹرویو میں بھی دین کے حوالے سے بات کرتے نظر آئیں گے۔

حمزہ کا کہنا تھا کہ ‘اب اپنی ساری زندگی خدا کے بارے میں باتیں کرتے ہوئے گزارنا چاہتا ہوں، میں نہیں چاہتا کے جب لوگ انٹرویوز میں بلائیں تو مجھ سے اداکاری کے سوال کریں’۔

انہوں نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے حوالے سے یہ بھی عندیا دیا کہ وہ کبھی بھی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

واضح رہے کہ 12 اکتوبر کو شیئر کردہ اپنی ٹوئٹ میں حمزہ علی عباسی نے لکھا تھا کہ ‘ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری سفر اختتام کو پہنچ گیا، میں اس ماہ کے آخر میں ایک بہت اہم اعلان کروں گا، امید ہے میری آواز کو زیادہ سے زیادہ لوگ سنیں، اکتوبر کے اواخر تک سوشل میڈیا استعمال نہیں کروں گا’۔

Related Articles

Back to top button