کاروباری خبریں

مہنگائی کے ستائے عوام پر حکومت نے بجلی گرا دی، فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے کا اضافہ

مہنگائی کی ماری عوام پر حکومت نے بجلی گرادی، ایک ماہ کیلئے بجلی کے بلوں میں فی یونٹ پونے 5 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ دسمبر کے بلوں میں وصول کی جائے گی اور یہ اضافہ اسی مد میں کیا گیا ہے۔

نیپرا کے مطابق فی یونٹ بجلی 4 روپے 74 پیسےمہنگی کردی گئی ہے، بجلی اکتوبرکی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت مہنگی کی گئی ہے، صارفین سےاضافہ دسمبرکے بجلی بلوں میں وصول کیاجائے گا، فیصلے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا ۔

نیپرا کے مطابق فیصلے کااطلاق کےالیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔

وزارت توانائی کا ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ سےمتعلق بیان بھی سامنے آگیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 22 نومبرکو بجلی کی قیمت میں ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی وضاحت کی تھی، نیپرا میں درخواست ایک مہینے کے دوران استعمال شدہ ایندھن کی مد میں تھی، درخواست پر آج نیپرا نے باقاعدہ سنوائی کے بعد فیصلہ دیا۔

وزارت توانائی کے مطابق آج کے فیصلےکا بجلی کی قیمت پر کوئی مستقل اثر نہیں پڑے گا، نیپرا ہر مہینے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی عوامی سماعت کرتا ہے، اور بجلی کی قیمت میں مخصوص مدت کیلئے فیول کی قیمت کا تعین کرتاہےجو کہ مثبت یا منفی ہوسکتی ہے۔

وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل اور دوسرے ایندھن کی قیمتوں کا ماہانہ فیول پرائس ایڈجسمٹ پر براہ راست اثرپڑتا ہے، آج کےفیصلےکی بنیاد بھی عالمی مارکیٹ میں اکتوبر میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔

Related Articles

Back to top button