کاروباری خبریں

نیب نے وزیر خزانہ شوکت ترین کا بیان من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے دیا

قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر خزانہ شوکت ترین کا بیان بے بنیاد قرار دے دیا۔

نیب نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں وزیر خزانہ شوکت ترین کے بیان کو بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دیا گیا ہے۔

شوکت ترین نے نیب کی وجہ سے بیوروکریسی کے کام نہ کرنے سے متعلق بیان دیا تھا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے 1300 ارب کے 1273 ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، جب کہ ان میں سے بیوروکریسی کے خلاف مقدمات نہ ہونے کے برابر ہیں، اس کے باوجود تواتر کے ساتھ نیب کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

اعلامیے میں نیب نے کہا ہے کہ اس سب کا مقصد نیب پر الزام تراشی اور بیوروکریسی کی حوصلہ شکنی کرنا ہے، جب کہ نیب بیوروکریسی کا نہ صرف احترام کرتا ہے بلکہ ان کی خدمات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتا ہے، بیوروکریسی کسی بھی ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

نیب کا کہنا ہے کہ جسٹس جاوید اقبال نے نیب کو ایک متحرک ادارہ بنا دیا ہے، بیوروکریسی اگر آئین اور قانون کے مطابق کام کرتی ہے تو اسے نیب سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

اعلامیے میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے وزیر خزانہ کو مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ نیب آرڈیننس کا مکمل جائزہ لیں۔

Related Articles

Back to top button