کاروباری خبریں

گنے کی بروقت کرشنگ کے باوجود چینی کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ جاری

گنے کی بروقت کرشنگ کے باوجود چینی کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے، ہول سیلر گروسرز نے حکومت سے مافیا کو لگام ڈالنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

چینی کی قیمتوں میں کمی پر حکومتی اقدامات کو سبوتاژ کرنے کے لئے مافیا ایک بار پھر سرگرم ہوگیا ہے، گنے کی بروقت کرشنگ کے باوجود چینی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔

ہول سیلر گروسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہر قائد میں ایک بار پھر چینی کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ہے، بارہ دن میں چینی کی قیمتوں میں آٹھ روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں چینی کی ہول سیل قیمت 77 جبکہ ریٹیل قیمت85 روپے فی کلو تک جاپہنچی ہے۔

چیئرمین ہول سیلر گروسرز عبدالرؤف نے مطالبہ کیا کہ ہول سیلر خریدار کو این آئی سی اور این ٹی این پیش کرنے کی شرط عائد کی جائے، صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو چینی کی قیمت بڑھ سکتی ہے، مافیا کو لگام نہ ڈالی گئی تو چینی عوام کی پہنچ سےباہر ہوجائیگی۔

چیئرمین ہول سیلر گروسرز کا مزید کہنا تھا کہ سٹے کی وجہ سے چینی کی طلب میں اضافہ ہوتاہے جبکہ گنا بھی حکومتی نرخ سے زائد قیمت پر فروخت ہورہا ہے، جس کا جواز بناکر چینی مہنگی کی جارہی ہے۔

Related Articles

Back to top button