کاروباری خبریں

’برابری پر بینکاری‘ اسٹیٹ بینک نے خواتین کیلیے زبردست اقدام کر دیئے

اسٹیٹ بینک مالی شمولیت میں صنفی مساوات کم کرنے کی ’برابری پر بینکاری‘ پالیسی پر مشاورت کا آغاز کرے گا۔

صنفی عدم مساوات سے نمٹنے کے لیے بینک دولت پاکستان نے قومی مالی شمولیت حکمت عملی کے تحت ایک قومی ہدف اختیار کیا گیا ہے جس کے مطابق 2023ء تک 2 کروڑ خواتین کے فعال بینک اکاؤنٹ ہوں گے۔

یہ ہدف مالی شمولیت میں برابری پر بینکاری کے عنوان سے مالی شمولیت میں صنفی فرق کم کرنے کی پالیسی کے آغاز کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔ اس پالیسی کا مقصد پاکستان میں خواتین کی مالی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

مالی شمولیت میں صنفی فرق کم کرنا‘ اسٹیٹ بینک کا ایک اہم پالیسی اقدام ہے جس کا مقصد خواتین کی مالی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ یہ پالیسی صنفی اعتبار سے سازگار کاروباری طو ر طریقے اپنانے کے لیے مخصوص اقدامات کے ذریعے مالی شعبے کے اندر معاملات کو مثبت صنفی انداز سے دیکھنے کا رویہ متعارف کرائے گی۔

مالی شمولیت میں صنفی فرق کم کرنا‘ کے عنوان سے پیر 21 دسمبر 2020ء کو 1730 پاکستان معیاری وقت پر ایک ویب نار کا اہتمام کیا ہے۔ یہ ویب نار اسٹیٹ بینک کے فیس بک پیج [https://www.facebook.com/StateBankPakistan] پر براہ راست دکھایا جائے گا۔

اس کا مقصد خواتین کی مالی شمولیت کی اہمیت کے بارے میں آگہی پیدا کرنا اور ممتاز بین الاقوامی فکری رہنماؤں کے مابین گفت و شنید کرانا ہے تاکہ پاکستان میں خواتین کی مالی شمولیت کو بڑھانے کے لیے عملی طریقوں پر بحث ہوسکے۔

گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر برابری پر بینکاری پالیسی کے مشاورتی آغاز کی میزبانی کریں گے اور اس پالیسی پر اسٹیٹ بینک کی ڈپٹی گورنر محترمہ سیما کامل تعارفی پریزینٹیشن دیں گی۔ اس کے بعد خواتین کی مالی شمولیت کے بارے میں اعلیٰ سطحی پینل مباحثہ ہوگا۔ پینل ارکان میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی ڈائریکٹر پرنسیس زہرا آغا خان، آئی ایم ایف کی محترمہ سیلا پزار بیسیوگلو اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر شامل ہوں گے جبکہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی ڈاکٹر انیتا زیدی پینل مباحثے کی میزبانی کریں گی۔

پرنسیس زہرا آغا خان آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رکن ہیں۔ پرنسیس زہرا آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک میں مختلف قائدانہ کردار نبھاتی ہیں۔ وہ آغا خان یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سینٹرل ایشیا کی ٹرسٹی ہیں۔

سیلا پزار بیسیوگلو آئی ایم ایف کے اسٹریٹجی، پالیسی اینڈ ریویو ڈپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر ہیں۔ اس حیثیت میں وہ فنڈ کی پالیسیوں کی تشکیل، نفاذ اور جانچ کو ایک اسٹریٹجک سمت دینے پر کام کی قیادت کرتی ہیں۔ محترمہ سیلا پزار بیسیوگلو پہلے ورلڈ بینک گروپ میں وائس پریزیڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔

پینل کی میزبان ڈاکٹر انیتا زیدی بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن میں صنفی برابری کی صدر ہیں۔ وہ فاؤنڈیشن کے صنفی برابری پروگرام ٹیم اور صنفی برابری مشاورت اور ابلاغ ٹیم پر مشتمل ٹیم کی نگراں ہیں۔

Related Articles

Back to top button