کاروباری خبریں

بڑی خوشخبری، دریافت شدہ ذخائر سے خام تیل کی پیداوار شروع

پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے خوش خبری دی ہے کہ بلوچستان کے شہر زیارت میں دریافت شدہ تیل کے ذخائر سے خام تیل کی پیداوار شروع ہو گئی ہے۔

کوئٹہ کے قریب واقع شہر زیارت میں 2018 میں تیل کے ذخائر دریافت ہوئے تھے، یہ پاکستان میں تیل کی ایک اور دریافت تھی، جس سے اب خام تیل کی پیداوار کا آغاز ہو گیا ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی نے زیارت میں خام تیل کی پیداوار کا آغاز کر دیا ہے، یہاں تیل کا کنواں 2018 میں دریافت ہوا تھا، جس سے خام تیل کی پیداوار کا تخمینہ 800 بیرل یومیہ ہے۔

پی پی ایل اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اٹک ریفائنری اس دریافت ہونے والے کنویں سے خام تیل خریدے گی، کنویں سے روزانہ آٹھ سو بیرل تیل نکلنے کی توقع ہے، کمپنی کا اس سلسلے میں اٹک ریفائنری سے معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس اگست میں بھی او جی ڈی سی ایل نے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے تھے، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کا کہنا تھا کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 سے یومیہ 9 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس مل سکے گی، جب کہ یومیہ 125 بیرل تیل بھی اس کنویں سے حاصل کیا جا سکے گا۔

یہ کوہاٹ بلاک میں تیل و گیس دریافت کرنے کے سلسلے کی مسلسل دوسری کامیابی تھی، حکام کا کہنا تھا کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 کی کامیابی ایکسپلوریشن کی شان دار حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

Related Articles

Back to top button