کاروباری خبریں

ملک بھرمیں مہنگائی کا جن بے قابو، اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے دور

ملک میں مہنگائی کی شرح 9.20 فیصد تک پہنچ گئی ، ایک ہفتے میں 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ملک بھرمیں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا اور ملک میں بنیادی اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے دور ہوگئیں ، وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق تازہ اعداد و شمارجاری کر دیئے۔

جس کے مطابق گزشتہ ہفتے کے مقابلے مہنگائی میں 0.45 فیصد اضافہ ہوا ، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح9.20 تک پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایک ہفتے میں 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 17 کی قیمتوں میں استحکام رہا، رواں ہفتے مرغی، انڈے، ٹماٹر، چینی، چاول، گھی، کوکنگ آئل، گوشت، تازہ دودھ اور آٹا مہنگا ہوا۔

ایک ہفتےمیں زندہ مرغی کی فی کلوقیمت میں26 روپے کااضافہ جبکہ انڈےکی فی درجن قیمت میں9 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ پیاز،آلو، لہسن، کیلے اور دہی سستے ہوئے۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایل پی جی گھریلوسلنڈر41روپے مہنگا ہوا، ٹماٹر کی فی کلوقیمت میں 4 روپے 43 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا جبکہ چینی فی کلو 2 روپے، دال ماش فی کلو ایک روپے 77 پیسے مہنگی ہوئی جبکہ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل، گیس کے نرخ بدستور مستحکم رہے۔

یاد رہے گذشتہ ہفتے مہنگائی میں 1.24 فیصد اضافہ ہوا تھا ، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح رواں مالی سال کی بلند ترین سطح گیارہ اعشاریہ دو چار فیصد تک پہنچ گئی تھی۔

وفاقی ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ حالیہ ہفتے میں چوبیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، صرف چار میں کمی جبکہ تیئیس میں استحکام رہا۔

Related Articles

Back to top button