کاروباری خبریں

ہاؤسنگ فنانسنگ کے بغیر گھروں کی بڑے پیمانے پر تعمیر ناممکن ہے, شبر زیدی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ فنانسنگ کے بغیر گھروں کی بڑے پیمانے پر تعمیر ناممکن ہے، حکومت کو ہاؤسنگ فنانسنگ کے لیے سستی زمین اور سبسڈی دینا ہوگی۔

کراچی میں بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے منعقدہ پروگرام میں‌ گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی کا کہنا تھا کہ طبیعت بہتر ہونے کے بعد یہ میرا پہلا عوامی خطاب ہے، میں نے بطور چیئرمین ایف بی آر آباد سے کئی اجلاس کیے جس میں گھروں کی بڑے پیمانے پر تعمیر کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ’ہاؤسنگ فنانسنگ کے بغیر بڑے پیمانے پر گھروں کی تعمیر ناممکن ہے، اس کام کے لیے پیسوں کی ضرورت ہوگی جس کے لیے حکومت کو سبسڈی دینا لازم ہے وگرنہ ہاؤسنگ اسکیم نہیں چل سکتیں، حکومت کو ہاؤسنگ بانڈز کا اجرا کرنا پڑے گا‘۔

شبر زیدی کا کہنا تھا کہ فکسڈ ٹیکس کا معاشی فیصلہ کیا جس پر مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، ہمیں ہاؤسنگ اسکیم کے لیے 10 سال کی حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی، سستے گھر سستے قرض سے ہی ممکن ہوسکیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’ہاؤسنگ کی نیشنل لیول ڈویلپمنٹ مفت زمین ملنے تک نہیں ہوسکی،بڑے شہروں میں حکومت کو اس منصوبے کیلئے سستی زمین دینا ہوگی اور گھروں کی تعمیرات کیلئے زمین کے ساتھ فناسنگ بھی کرنا پڑے گی‘۔

Related Articles

Back to top button