کاروباری خبریں

یورپین سیکٹرز پر فلائٹ آپریشن بند ہونے سے پی آئی اے کو ہوا بھاری بھرکم نقصان

وزیر ہوابازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ یورپین سیکٹرز پر فلائٹ آپریشن بند ہونے سے 28کروڑ نقصان ہوا، پی آئی اے کو یہ نقصان جولائی تا اگست 2020 ہوا۔

قومی اسمبلی میں وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے تحریری جواب جمع کرایا، جس میں غلام سرور نے کہا کہ یورپین سیکٹرز پر فلائٹ آپریشن بند ہونے سے 28 کروڑ نقصان ہوا، یورپی سیکٹرز پر1.69 ارب کے بجائے 1.41 ارب روپے ریونیو ہوا ، پی آئی اے کو یہ نقصان جولائی تا اگست 2020 ہوا۔

وزیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ برطانیہ سیکٹر پر 52 کروڑ روپے منافع کمایا گیا، برطانیہ اور پاکستان میں پروازیں چلانے کیلئے مالٹا کمپنی سے خدمات لی گئیں ، پی آئی اے نے برطانیہ کیلئے ابتک 4 راؤنڈ ٹرپ چارٹر پروازیں چلائیں اور برطانیہ سیکٹر پر 5.31 ارب لاگت کے مقابلے 5.81ارب ریونیو حاصل ہوا۔

غلام سرور نے مزید کہا کہ پی آئی اے نے کینیڈا، یو اے ای، اومان، قطر کیلئے پروازیں شروع کر دیں جبکہ ملائیشیا، افغانستان، سعودی عرب کیلئے بھی پروازوں کا دوبارہ آغاز ہوا۔

خیال رہے کہ پروازوں پر پابندی یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے جولائی میں عائد کی تھی۔ یورپ کے لیے آپریشن کی بندش سے قومی ایئرلائن کو رواں سال اربوں روپے سے زائد کے نقصان کا اندیشہ ہے، پی آئی اے نے اس سال ریونیو کا ہدف 196 ارب روپے رکھا تھا۔

سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کی بندش سے رواں سال پی آئی اے حج آپریشن بھی نہیں ہو سکا ، جس کے باعث قومی ایئرلائن کو 12ارب روپے کا نقصان کا سامنا رہا۔

پی آئی اے کو عمرہ سیزن نہ ہونے کی وجہ سے بھی 5 ماہ کے دوران ساڑھے نو ارب روپے سے زائد کا نقصان کا سامنا رہا، پی آئی اے عمرہ سیزن میں ایک سال کے دوران 22 ارب روپے کا ریوینو حاصل کرتا تھا۔

Related Articles

Back to top button