کاروباری خبریں

ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافہ ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا بیان جاری

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ مسلسل تیسرے ماہ ترسیلاتِ زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جس کے بعد ترسیلات زر 7.3 بلین ڈالر کی غیرمعمولی سطح پر پہنچ گئیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ اگست میں کارکنوں کی ترسیلاتِ زر مستحکم اور 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں، یہ مسلسل تیسرا مہینہ ہے جب ترسیلاتِ زر 24.4 فیصد (سال بسال) اضافے کے ساتھ 2.095 بلین ڈالر رہیں، جو کافی حد تک اسٹیٹ بینک کے تخمینوں سے ہم آہنگ ہے۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین ماہ میں ترسیلات زر 7.3 بلین ڈالر کی غیرمعمولی سطح پر پہنچ گئیں، جو گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 37.2 فیصد زائد رہیں ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ترسیلات زر میں یہ مستقل استحکام پاکستان ریمی ٹنس انی شیے ٹو کے تحت باضابطہ چینلز کے ذریعےرقوم کی آمد کی ترغیب دینے کی اسٹیٹ بینک اور حکومتِ پاکستان کی کوششوں اور مشرق وسطیٰ ، یورپ اور امریکہ جیسی بڑی راہداریوں میں کاروباری اداروں کے بتدریج دوبارہ کھلنے کے اثرات کی عکاسی کرتا ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہناہے کہ اگست میں سعودی عرب (0.593 بلین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (0.410 بلین ڈالر)، اور برطانیہ (0.302بلین ڈالر) سے موصول ہونے والی کارکنوں کی ترسیلات ِزر کا حجم نمایاں تھا۔

یہ ترسیلاتِ زر جولائی میں درج کی گئی 2.768 بلین ڈالر کی ریکارڈ سطح کے مقابلے میں 24.3 فیصد کم تھیں، جو بنیادی طور پر عید الاضحیٰ کے بعد معمول کی کمی کی عکاسی کرتی ہیں۔

Related Articles

Back to top button