سونا مزید سستا، فی تولہ کتنی کمی؟ جانیے اس خبر میں

سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی ہوئی ہے اور فی تولہ سونا مزید 400 روپے سستا ہوگیا ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 10ڈالر کی کمی سے 1926ڈالر کی سطح پرپہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 400 روپے اور 343 روپے کی کمی واقع ہوئی۔

سونے کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 113100 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 96965روپے ہوگئی۔

بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت 5000 روپے کم رہی ہے۔

اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 60 روپے کی کمی سے 1300 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 51 روپے 46 پیسے کی کمی سے 1114 روپے 54 پیسے ہوگئی۔

واضح رہے گزشتہ روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 1500 روپے کی بڑی کمی ہوئی تھی اور آج 400 روپے کی کمی بعد 2 روز میں سونا فی تولہ 1900 روپے سستا ہوگیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں