کاروباری خبریں

کاروباری ہفتے کےآخری روز ہی سونے کی اونچی اڑان

پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔ فی تولہ سونے کی قیمت 600 روپے اضافہ جبکہ فی اونس 5 ڈالر مہنگا ہوا۔

آل سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج (جمعہ کو) مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 600 روپے اضافے سے ایک لاکھ 15 ہزار 900 روپے پر آگئی جبکہ 10 گرام سونا 515 روپے مہنگا ہوکر 99 ہزار 366 روپے کا ہوگیا۔

پاکستان میں اگست کے پہلے ہفتے میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 32 ہزار روپے تک پہنچ گئی تھی، جس میں اب تک 16 ہزار 800 روپے کی کمی واقع ہوچکی ہے۔

کرونا وائرس کی وباء کے دوران لوگوں کا سرمایہ کاری کیلئے رجحان سونے کی جانب رہا، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان تھا۔

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 5 ڈالر اضافے سے 1938 ڈالر کا ہوگیا۔ دو روز کے دوران انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونا 57 ڈالر فی اونس سستا ہوگیا تھا۔ اس سے قبل انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کے نرخ 2054 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے تھے۔

صراف ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ چاندی 1380 روپے جبکہ دس گرام نرخ 1183 روپے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 0.30 ڈالر سستی ہوکر 26.70 ڈالر کی ہوگئی۔

پاکستان میں یکم جولائی 2020ء کو سونے کے فی تولہ نرخ ایک لاکھ 5 ہزار 200 روپے جبکہ مقامی مارکیٹ میں یکم جنوری 2020ء کو سونے کی قیمت 88 ہزار 150 روپے تھی۔

Related Articles

Back to top button