کاروباری خبریں

سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ، تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

ملک میں سونے کی قیمت میں روز بہ روز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور بدھ کے روز کے ایک بار پھر بڑا اضافہ ہوا۔

سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید 700 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 5 ہزار 200 روپے ہوگئی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 600 روپے اضافے کے بعد 90 ہزار 192 روپے ہوگئی۔ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت 12 ڈالراضافے سے ایک ہزار 782 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔ چاندی کی بات کی جائے تو اس کی فی تولہ قیمت میں استحکام نظر آیا اور یہ ایک ہزار 50 روپے پر برقرار ہے۔

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ اس اضافے میں ایک کردار ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا بھی ہے۔

24 جون کو ڈان اخبار کی رپورٹ میں بی آئی پی ایل سیکیورٹیز کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ ایک ماہ سے زائد عرصے میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ سرمایہ کار کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی معیشت کی بحالی میں تاخیر کو دیکھتے ہوئے سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ تصور کر رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button