کاروباری خبریں

پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان، اوگرا نے سمری تیار کرلی

یکم مئی سے پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے، اس سلسلے میں اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری آج ارسال کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر ریلیف ملنے کاامکان ہے، ریلیف کے تحت یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل،مٹی کےتیل کی قیمت میں بھی10روپےفی لیٹر کمی کا امکان ہے، اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری آج ارسال کی جائے گی۔

وزارت خزانہ اور وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مئی سے ہو گا۔

گذشتہ روز مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے کہا تھا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کےاثرات عوام تک منتقل کئےجائیں گے ، یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیدکمی آئی گی۔

بجٹ کے حوالے سے حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ جون کے پہلےہفتےمیں پیش کریں گے اور بجٹ کورونا بجٹ ہوگا اور عوام کوبجٹ میں ہرممکن ریلیف فراہم کرنےکی کوشش کریں گے۔

یاد رہے مارچ کے آخر میں وزیراعظم عمران خان نے عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں اپریل میں وزارت خزانہ نے اوگرا کی جانب سے کی جانے والی سفارش کو مسترد کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button