کاروباری خبریں

جیف بیزوس سے دنیا کے امیر ترین شخصیت کا ٹائٹل چھن گیا، اب کون ہے امیر ترین شخص؟ یقین نہیں آئے گا

ایمازون کے بانی جیف بیزوس سے جمعرات کے روز ہونے والی ٹریڈنگ کے دوران دنیا کے امیر ترین شخصیت کا ٹائٹل چھن گیا ۔

ارب پتی افراد کی دولت کے اعداد و شمار رکھنے والے جریدے فوربز کے مطابق جمعرات کو ایمازون کے شیئرز کی ویلیو میں 7 فیصد کمی ہوئی جس کے باعث جیف بیزوس کے اثاثوں کی مالیت 103 ارب 90 کروڑ ڈالر رہ گئی۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ جیف بیزوس کو صرف جمعرات کو ہی بھاری خسارے کا سامنا نہیں کرنا پڑا بلکہ آج (جمعہ کو ) بھی ان کے اثاثوں میں ایک ارب 90 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔

جیف بیزوس کے اثاثوں میں آنے والی کمی کے باعث مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ایک بار پھر سے دنیا کے امیر ترین آدمی بن گئے ہیں، ان کے اثاثوں کی مالیت 105 ارب 70 کروڑ ڈالر ہے۔

2018 میں جیف بیزوس نے دنیا کے امیر ترین شخص کے ساتھ ساتھ دنیا کے پہلے سینٹی بلینیئر کا اعزاز حاصل کیا تھا، گزشتہ برس کے آغاز میں ان کے اثاثوں کی مالیت 160 ارب ڈالر تھی جس کے باعث بل گیٹس کی دنیا کے امیر ترین شخص کے ٹائٹل پر 24 سالہ حکمرانی کا خاتمہ ہوا تھا۔

خیال رہے کہ جیف بیزوس کے اثاثوں کی مالیت میں صرف ایمازون کے شیئرز کی وجہ سے ہی کمی نہیں ہوئی بلکہ اس کی ایک بڑی وجہ رواں سال ہونے والی ان کی طلاق بھی ہے۔ ان کی اپنی سابق اہلیہ مکینزی بیزوس سے طلاق کی ڈیل 32 اعشاریہ 7 ارب ڈالر میں فائنل ہوئی تھی جس کی وجہ سے ان کے اثاثوں میں بڑی کمی آئی تھی۔

Related Articles

Back to top button